نئی دہلی26دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) کانگریس صدرراہل گاندھی ان دنوں کافی اقدامی موڈمیں ہیں۔وہ وزیراعظم اوربی جے پی کے خلاف کوئی موقعہ نہیں چھوڑناچاہتے ہیں۔وزیراعظم نریندر مودی کو پریس کانفرنس میں سوالات کا سامنا کرنے کا چیلنج کرنے والے کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے آج ان پرایک اورحملہ کرتے ہوئے کہاہے کہ مسٹر مودی کارکنوں کی کانفرنس کا بھی سامنا نہیں کرسکتے۔مسٹرگاندھی نے آج ٹویٹ کرکے کہا ’’پریس کانفرنس سے خطاب کی بات چھوڑیئے وہ (وزیراعظم) بوتھ سطح کے کارکنوں کی کانفرنس کا بھی سامنا نہیں کرسکتے‘‘۔اس کے ساتھ انہوں نے انگریزی کے ایک روزنامہ کی خبر کا ایک لنک کااشتراک کیا ہے، جس کا عنوان ہے ’’مڈل کلاس کے سلسلے میں بی جے پی کارکن کے سوال پر اسٹمپ ہوئے مودی‘۔ اس میں کہا گیا ہے کہ تمل ناڈو کے ویلوپورم ضلع سے بی جے پی کے کارکن نے نرمل کمار جین نے مودی سے پوچھا تھا کہ حکومت کیوں درمیانی طبقے سے صرف ٹیکس لینے میں مصروف ہے، لیکن ان کا دھیان نہیں رکھ رہی ہے۔ اس پر وزیراعظم نے جواب نہیں دیاتھا، اور تمل ناڈوکی بجائے اور ’ونکم پڈوچیری‘ کہہ کر پڈوچیری کے کارکنوں سے بات چیت شروع کردی۔ واقعہ گزشتہ ہفتے بدھ کاہے۔کانگریس کے صدر نے اپنی ٹویٹ میں لکھا’’جدوجہد کرنے والے درمیانی طبقاتی کے لئے’ نمو‘کا جواب ہے ’’ ونکم پڈوچیری! ‘‘۔